یہ کتاب Yuval Noah Harari کی مشہور کتاب Sapiens: A Brief History of Humankind کا اردو ترجمہ ہے۔ Yuval Noah Harari (یووال نوح ہراری) تاریخ کے پروفیسر ہیں۔ یہ کتاب انگریزی میں شایع ہونے والی آپ کی تیسری کتاب ہے۔ ابتدا میں یہ کتاب عبرانی زبان میں لکھی گئی تھی۔ یہ عبرانی ایڈیشن 2011ء میں شایع ہوا۔ پھر 2014ء اس کا انگریزی اڈیشن شایع ہوتے ہی اس کی شہرت دنیا بھر میں پھیل گئی۔ یہ اردو ترجمہ انگریزی ایڈیشن سے کیا گیا ہے۔ اس کتاب کے مترجم “سید سعید نقوی” پیشہ کے لحاظ سے ایک میڈیکل ڈاکٹر ہیں۔ اس لیے اس کتاب میں میڈیکل، حیاتیاتی مواد و اصطلاحات کو بخوبی جانتے اور سمجھتے ہیں۔ ادب، تاریخ اور ترجمہ نگاری سے گہرا شغف ہے جس کا اندازہ آپ کی تخلیقات کی فہرست سے کیا جاسکتا ہے۔۔ 4 افسانوں کے مجموعے، 2 ناول، 1 شعری مجموعہ، ایک کتاب اردو زبان کے منتخب افسانوں کے انگریزی ترجمہ پر مشتمل ہے، اس کتاب سے پہلے 7 فکشن و نان فکشن کتابوں کے اردو تراجم کرچکے ہیں۔ جن میں Siddharta Mukherjee کی نان فکشن کتاب The Gene, an intimate history بھی شامل ہے۔
“بندہ بشر” میں اردو ترجمہ میں متن کی صحت کا خیال رکھا گیا ہے۔ اکثر اصطلاحات کے اردو تراجم کے ساتھ ساتھ اس کی انگریزی بھی ساتھ لکھی گئی ہے۔ جو پڑھنے والوں کو سمجھنے میں مدد دے گی۔ جہاں جہاں کتاب میں متن کو سمجھانے کے لیے نقشے اور تصاویر کی مدد لی گئی ہے اردو ترجمہ میں بھی تمام تصاویر اور نقشے شامل کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں شامل مباحث سے اختلاف یا تائید تو اپنی جگہ تاریخ، حال اور مستقبل کو ایک نئے منفرد انداز سے بیان کیا ہے، اس پراس کتاب کے قاری ضرور مصنف کو داد دیں گے۔